top of page
Arshad Madani

مذہب سےاوپر اٹھ کر اور بلا امتیاز مذہب و مسلک اپنی فلاحی وامدادی سرگرمیوں کو انجام دینا ہمارا کام ہے


مولانا سید ارشد مدنی نے آج جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر سے تعلیمی سال 2021-2022 کے لیے میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے 670 طلباء کے لیے وظائف جاری کیے ہیں۔ ضرورت مند طلباء کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے گذشتہ سال سے ہی وظائف کی مجموعی رقم پچاس لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کردی گئی تھی

ان منتخب شدہ طلباء میں اس بار بھی ایک قابل قدر تعداد ہندو طلباء کی شامل ہے، مالی طور پر کمزور مگر ذہین اور محنتی طلباء کے لیے اعلیٰ اور پیشہ ورانہ تعلیم کے حصول میں مدد کرنے کے اہم مقصد کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند نے 2012 سے باضابطہ طور پر وظائف دینے کا فیصلہ کیا اس کے لیے حسین احمد مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ دیوبند Hussain Ahmad Madani Charitable Trust Deoband اور مولانا ارشد مدنی پبلک ٹرسٹ Maulana Arshad Madani Public Trust کی جانب سے ایک تعلیمی امدادی فنڈ قائم کیا گیا ہے اور ماہرین تعلیم پر مشتمل ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو میرٹ کی بنیاد پر ہر سال طلباء کو منتخب کرنے کا فریضہ انجام دیتی ہے۔

جمعیۃ علماء ہند جن کورسیز کے لیے وظائف دیتی ہے، ان میں میڈیکل، انجینئرنگ، بی ٹیک، ایم ٹیک ، پالی ٹکنک، گریجویشن میں بی ایس سی، بی کام ، بی اے، بی بی اے، ماس کمیونیکیشن، ایم کام، ایم ایس سی، ڈپلومہ آئی ٹی آئی جیسے کورسیز شامل ہیں۔

تعلیمی وظائف جاری کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اللہ کی نصرت وتائید سے ہم اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنانے میں کامیاب ہوئے، جمعیۃ علماء ہند کا دائرہ کار بہت وسیع ہے اور وسائل انتہائی محدود، اس کے باوجود اس بار بھی ہم گزشتہ برسوں کے مقابلہ کہیں زیادہ تعداد میں ضرورت مند طلباء کو اسکالرشپ تقسیم کر پائے۔ یہ ہمارے لئے انتہائی اطمینان اورسکون کا باعث ہے.

آئندہ برسوں میں وظائف کے مجموعی فنڈ میں ہم مزید اضافہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہم ضرورت مند طلباء کی مدد کرسکیں اور انہیں تعلیمی طور پر با اختیار بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ اس اسکالرشپ کے لیے ضرورت مند غیر مسلم طلباء بھی درخواستیں دیتے ہیں اس بار بھی ان کی طرف سے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی تھیں، ان میں سے جو بھی میرٹ پر پورا اترا اسے اسکالرشپ کے لیے ماہرین کی کمیٹی نے منتخب کرلیا، مولانا مدنی نے کہا کہ مذہب سے اوپر اٹھ کر اور بلا امتیاز مذہب و مسلک اپنی فلاحی وامدادی سرگرمیوں کو انجام دینا تو جمعیۃ علماء کے خمیر میں شامل ہے اور جمعیۃ علماء نے ہر ہر موقع پر اس کا عملی ثبوت بھی دیا ہے۔


133 views0 comments

Comments


bottom of page